اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ یمن کے لئے اقوام متحدہ کے نئے نمائندے نے اس ملک کے سیاسی بحران کے حل پر تاکید کی ہے۔
موصولہ رپورٹوں کے مطابق یمن کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد شیخ احمد نے تمام فریقوں سے مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کی اپیل کی ہے۔ شیخ احمد، بحران یمن کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کی غرض سے صنعاء پہنچے۔ یمن کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے اپنا مشن، جنگ بندی پر عمل درآمد سے چھ گھنٹے پہلے اور اس ملک پر سعودی اور امریکی جارحیت کے چھ ہفتے بعد شروع کیا ہے۔ شیخ احمد نے کہا کہ ہم اس جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ جنگ بندی قائم رہے۔ یمن کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے تاکید کے ساتھ کہا کہ جنگ بندی کے لئے ہمارے پاس دو اہم نکتے ہیں ایک یہ کہ جنگ بندی مشروط نہ ہو اور دوسرے یہ کہ امداد تمام یمنی شہریوں تک پہنچے۔ شیخ احمد نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ یمن میں سیاسی طریقہ کار کے سوا کوئی راہ حل موجود نہیں ہے اور مذاکرات کی میز پر آنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ تمام یمنی فریقوں کو مذاکرات کی میز پر آنا چاہئے تاکہ اس مسئلے کا حل نکالا جا سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲